منگلورو 19؍اگست (ایس او نیوز) کچھ عرصہ پہلے آر ٹی او آفس کے عقب میں پارک کی ہوئی اسکوٹر کی سیٹ کے نیچے رکھے گئے 20لاکھ روپے چراکر لے جانے کے الزام میں پانڈیشور پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔گرفتار شدہ ملزم کی شناخت ترچنا پلّی تملناڈو کے مدھوسدن(۴۰)کے طور پر کی گئی ہے۔اس کے پاس سے دس ہزار روپے برآمد کیے گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ سال اگست میں راجیش نامی ایک شخص اپنی اسکوٹر کے سیٹ کے نیچے والے حصے میں 20لاکھ روپے رکھ کر آر ٹی او دفتر میں کسی کام سے اندر گیا تھا۔ مگر واپس آنے پر اسکوٹر کا تالہ توڑ کر کسی نے وہ رقم اڑا لی تھی۔ راجیش نے پانڈیشور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔کرائم انٹلی جنس کے سب انسپکٹر اننت مرڈیشور نے 17؍اگست 2016کو ملزم مدھو سدن کو ریلوے اسٹیشن کے پاس سے گرفتار کیا تو پتہ چلا کہ وہ تملناڈو کے راموجی نگر کی ایک ایسی گینگ کا رکن ہے جس کے قریب 15اراکین ہیں اور یہ لوگ ایسی جگہ کی نشاندہی کرنے میں ماہر ہیں جہاں بھاری رقم محفوظ طور پر رکھی ہوئی ہو اور پھر اسے اڑا لے جانا ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ملزم کی گرفتاری اعلیٰ پولیس افسران کی رہنمائی میں کی گئی کارروائی کے نتیجے میں عمل میں آئی۔